نئی دہلی، 9 جون(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی مودی حکومت کی اب تک کی دوسری میعاد کی کامیابیوں کاشمار کرانے کے لئے 13 جون کو دہلی میں ڈیجیٹل ریلی نکالیں گی۔
پارٹی کے دہلی ریاستی صدر آدیش گپتا نے منگل کو یہ معلومات دی۔ قومی دارالحکومت میں یہ بی جے پی کی پہلی ڈیجیٹل ریلی ہوگی۔گپتا نے کہا کہ ایرانی دہلی بی جے پی کے دفتر سے ’دہلی جن سمواد‘ ڈیجیٹل ریلی سے خطاب کریں گی۔ ریلی سوشل میڈیا اور کیبل آپریٹرز کے توسط سے تقریبا 25 لاکھ افراد تک پہنچے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے، پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ، ممبران اسمبلی، دہلی بی جے پی کے عہدیدار، کارپوریٹرز اور دیگر لیڈران جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت شہر کے دو ہزار مقامات پر 20 سے 50 افراد کے ساتھ ریلی میں شامل ہوں گے۔
گپتا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام اور ان کی حکومت کی دوسری مدت کے پہلے سال کی کامیابیوں کوپہنچانے کیلئے دہلی بی جے پی بدھ کو دہلی میں پندرہ لاکھ گھروں تک پہنچنے کی مہم چلائے گی۔ اس کے لئے دو دو کارکن چہرے کے ماسک پہن کر گھر جائیں گے۔